نام نہاد لیڈرز سیلاب کی صورتحال میں بھی سیاست کر رہے ہیں: احسن اقبال
نارووال (این این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارے نام نہاد لیڈرز سیلاب کی صورتحال میں بھی سیاست کر رہے ہیں۔ سیلابی پانی اترنے تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھنا پڑے گا، عالمی برادری بھی متاثرہ علاقوں میں بحالی کی سرگرمیوں کیلئے مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پانی کی سطح تھوڑی کم ہوئی ہے وہاں بحالی کی سرگرمیاں شروع کی جا چکی ہیں۔ مگر اندرون سندھ ابھی تک سیلابی پانی میں گھرا ہوا ہے۔ پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب کی تباہی سے مل کر نمٹنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی جدوجہد کو چھوڑ کر صرف جلسوں میں مصروف ہیں، عمران خان کو مائنس ون کوئی اور نہیں وہ خود کو مائنس ون کر رہے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب کے دوران کروڑوں روپے جلسوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔