• news

”سیرتِ محبوب رب العالمین“ 

معروف ناول و افسانہ نگار مصنفہ اور ادیبہ اور سابق رکن قومی اسمبلی محترمہ بشریٰ رحمن کی کتاب ”سیرتِ محبوب رب العالمین“ شائع ہو کر مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ بشریٰ رحمن بنیادی طور پر ناول نگار اور خواتین کے لیے کہانی لکھنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتیں۔ اب انہوں نے سیرت نگاری میں بھی اپنا نام درج کرا لیا ہے اور اس میں بھی اپنی انفرادیت برقرار رکھی ہے اور اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفی کی سیرت کو کہانی کے انداز میں لکھ کر سیرت نگاری میں ایک نئے اسلوب کی بنیاد رکھی ہے۔ ان کا انداز تحریر انتہائی خوبصورت اور جاندار ہے۔ سیرت محبوبِ رب العالمین مصنفہ کی ایسی تصنیف ہے جس کا حرف حرف عشق مصطفی اور محبت رسول میں گندھا ہوا ہے۔ بعض فقرے بے مثال و لاجواب ہیں تو بعض پیراگراف داد سے بالاتر ہیں۔ ایسا مسحور کن بیان اور حیران کن انداز تحریر جو قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے لیکن اس سب کے باوصف مصنفہ نے تعظیم و ادب میں پرو کر الفاظ کی مالا تیار کی ہے اور اپنی آخرت کے لیے توشہ نجات اور زاد راہ کا سامان کیا ہے۔ یقینا یہ کتاب سیرت نگاری میں ایک بہت خوبصورت اضافہ ہے جسے بہر صورت قبولیت عام کی سند حاصل ہوگی اور عاشقانِ مصطفی کے ذوق مطالعہ کی تسکین کا سامان ہوگا۔ سیرت نگاری کی یہ خوبصورت کتاب قلم فاﺅنڈیشن نے خاص اہتمام اور محبت کے ساتھ اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سبز رنگ کے دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ جس پر مہر نبوت کا عکس ہے، شائع کی ہے۔ پانچ سو سے زائد صفحات کی یہ کتاب عمدہ طباعت دیدہ زیب گٹ اپ بہترین کاغذ اور مضبوط جلد کے ساتھ انتہائی مناسب ہدیہ کے ساتھ ہر بڑے بک سٹال پر دستیاب ہے۔ نہ ملنے کی صورت میںقارئین قلم فاﺅنڈیشن کے آفس واقع یثرب کالونی بینک سٹاپ والٹن روڈ لاہور پر خط لکھ کر منگوا سکتے ہیں یا موبائل نمبر 0300-0515101 پر کال کریں ۔(تبصرہ جی این بھٹ) 

ای پیپر-دی نیشن