ملکہ بر طا نیہ کا انتقال پاکستان میں یوم سوگ: تخت نشنیی پر شہباز شریف کی چارلس کو مبارکباد
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ملکہ برطانیہ کی وفات پر برطانوی حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پاکستان میں یوم سوگ منایا گیا۔ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد وزارت خارجہ کی تجویز پر وزیراعظم نے پاکستان میں یوم سوگ منانے کی منظوری دی۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی کنگ چارلس دوئم کو تخت نشینی پر مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی جانب سے بادشاہ چارلس دوئم کو تخت نشین ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ برطانوی عوام بادشاہ چارلس دوئم کے دور حکومت میں ترقی کرتے رہیں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پارٹی امور کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے حوالے سے علی پرویز ملک کے کردار کو سراہا۔ شہباز شریف سے سابق وزیراعظم اور سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورت حال اور سیلاب متاثرین کی ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے لیے حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں فرانسیسی جمہوریہ کے سفیر نکولیس گیلے نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے دیرینہ تعاون پر مبنی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی وسیع تباہی اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔