ایک قومی ، 3صوبائی حلقوں میں 9اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہو نگے : الکیشن کمشن
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن کا انتخابات کی دوبارہ تاریخ کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں قومی و صوبا ئی اسمبلی کے 4حلقوں میں پولنگ کی تاریخ 9اکتوبر 2022ء مقرر کرنے کی منظوری دی۔ الیکشن کمشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمشن نے بتایا اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری الیکشن کمشن نے بتایا 8 ستمبر کو الیکشن کمشن نے13 قومی وصوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات سیلاب کی تباہ کاریوں، آمد ورفت کی مخدوش صورتحال، قومی ایمرجنسی اور قومی اداروں جن میں پولیس، پاک فوج، رینجرز اور ایف سی، انتظامی و دیگر افسران کی سیلات متاثرین کی مدد اور ضمنی انتخابات میں ان کی خدمات کی عدم دستیابی کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔ الیکشن کمشن نے اجلاس میں غور وغوض کے بعد این اے 157ملتان IV، پی پی 139شیخوپورہ V، پی پی 241بہاولنگر V اورپی پی 209 خانیوال حلقہ جات میں پولنگ کی تاریخ 9اکتوبر 2022ء مقرر کرنے کی منظوری دی اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے 9 حلقہ جات جن میں پولنگ ملتوی کی گئی تھی۔ اس میں معزز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کا نوٹیفکیشن 29جولائی جس میں ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا، معطل کر دیا ہے۔ لیکن الیکٹرانک میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق معزز عدالت نے وضاحت کی ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صر ف پٹشنرکی حد تک ہو گا۔ الیکشن کمشن نے سیکرٹری الیکشن کمشن کو ہدایت کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضروری وضاحت کی کاپی لیں تاکہ ان 9 حلقوں کے انتخابات کی تاریخوں سے متعلق الیکشن کمشن غور کر سکے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمشن کا دوبارہ اجلاس مئورخہ 14ستمبر کو ہو گا۔ مزید سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ اور صوبہ بلوچستان کے اضلاع دْکی، لورالائی، موسی خیل اور مستونگ کے کچھ پولنگ سٹیشنوں کے انتخابات کے انعقاد جو مذکورہ بالا وجوہات کی بناء پر ملتوی کئے گئے تھے اس سلسلے میں صوبائی حکومت سندھ اور بلوچستان سے ایک ہفتہ کے اندر رپورٹ طلب کی ہے۔