• news

  دعوت اسلامی کے وفد کی ملا قات ، سیلاب متا ثرین کیلئے ایف جی آر ایف کے تعاون سے گھر بنا ئیں : پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر)  وزیر اعلیٰ  پرویز الٰہی سے  دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی عبدالحبیب عطاری کی سربراہی میں فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن (ایف جی آر ایف) کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے دعوت اسلامی کے وفد کو آیت و حدیث ختم نبوت سے متعلق فریم کا تحفہ دیا۔ جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور پنجاب حکومت اور ایف جی آر ایف کے درمیان سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی آبادی کاری کیلئے تعاون کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ  نے کہاکہ سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دیں گے اور ایف جی آر ایف کے تعاون سے گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت اور ایف جی آر ایف کی کوآرڈینیشن سے سیلاب متاثرین کی آبادکاری کو یقینی بنایا جائیگا۔  سیلاب متاثرین کو ان کے تباہ ہونے والے پکے گھروں کی تعمیر کے لئے 4لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے جبکہ تباہ ہونے والے کچے گھروں کی تعمیر کیلئے 2لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دعوت اسلامی کا ادارہ ایف جی آر ایف فلاحی کاموں میں پیش پیش ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ امداد کا صحیح حقداروں تک پہنچنا بے حد ضروری ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کے متاثرہ لوگو ں کی بحالی کیلئے خدمت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ سیلاب متاثرین کیلئے جو بھی ممکن ہو سکا، کیا اور کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی کی زیر صدارت  اجلاس میں ہیلتھ کارڈ کی افادیت کو مزید بہتر بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے والے مریضوں کیلئے پینل میں مزید ہسپتال شامل کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے علاج کرانے والوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ مزید امراض کے علاج کی سہولت بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ  نے ہیلتھ کارڈ پروگرام میں سرجری کی جدید ٹیکنالوجی سائبر نائف شامل کرنے کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق ہیلتھ کارڈ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ہماری حکومت نے ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈز میں مریضوں کے لئے مفت ادویات کا پروگرام شروع کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن