عرفان اقبال ، ندیم قریشی کی قیادت میںوفدکا جنوبی پنجاب سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے وفد نے صدر عرفان اقبال شیخ اور ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔وفد میں ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم،مدثر مسعود،باؤ محمد بشیر،صفدر بٹ،طلال بٹ و دیگرشامل تھے۔وفد نے ضلع ڈیرہ غازی کی تحصیل تونسہ کی مختلف یونین کونسلز کا دورہ کیا۔دیہاتوں میں جا کر متاثرین سیلاب سے ملاقات کی، سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات حاصل کیں۔عرفان اقبال شیخ، محمد ندیم قریشی، خواجہ شاہ زیب اکرم و دیگر تمام ساتھیوں نے سیلاب زدہ دیہاتوں میں نئے گھر تعمیر کروا کراور صاف پانی کے پلانٹ لگا کر دینے کا اعلان کیا اور سیلاب متاثرین میں نقد رقم اور تحائف بھی تقسیم کئے،جس پر متاثرین نے ایف پی سی سی آئی قیادت کا بے حد شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ لوگوں نے اپنا سب کچھ گنوا دیا،اب بھوک، بیماریوں اور دیگر تباہوں کا سامنا کر رہے ہیں،سیلاب زدہ علاقوں میں کروڑوں لوگ ہماری امداد کے منتظر ہیں۔اس مصیبت کی گھڑی میں ہم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں اور ان کی بحالی میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔محمد ندیم قریشی نے کہا کہ حالیہ تاریخ کے بد ترین سیلاب کی وجہ سے تیس لاکھ سے زائد بچے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں،ڈوبنے اور غذائی قلت کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دو چار ہیں اور انہیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔آفات میں ہمیشہ بچے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں اس سیلاب نے پہلے ہی بچوں اور ان کے خاندانوں کو تباہ کن نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاست کو ایک طرف کرکے سیلاب متاثرین کی مدد ہماری ترجیحات کا مرکز ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے 2010کے سیلاب سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور ملک میں پانی کے ذخائر اور ڈیمز نہیں بنائے، اگر ہم نے پانی کے ذخائر (water reservoirs) اور ڈیمز بنائے ہوتے تو آج اتنی تباہی نہ ہوتی اور ہم آئندہ آنے والی فصلوں کوسیراب کرنے کے لئے پانی کو بھی بچا سکتے تھے۔