ہمارا مشترکہ دشمن ملکی سلامتی کے درپے ہے: سی سی پی او لاہور
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی زیرصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سنٹرل ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چہلم شہادت حضرت امام حسین ؓکے عزاداری جلوسوں اور عرس داتا گنج بخش ؒکی سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے امن کمیٹی کے ارکان کو یقین دلایا کہ لاہور پولیس چہلم شہادت حضرت امام حسین ؓاور عرس حضرت علی ہجویری ؒکے مقدس پروگراموں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرےگی۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ہمارا مشترکہ دشمن پاکستان کی بقا اور سلامتی کے درپے ہے۔ مذہب اور کمیونٹی سے متعلقہ حساس معاملات میں لوگوں کو دبانے کی بجائے افہام و تفہیم سے سمجھانے کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں سی سی پی او لاہور نے پنجاب سکواش کمپلیکس میں17ویں نیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نورالامین مینگل کی سرپرستی میں بہترین کام کررہی ہے۔لاہور پولیس شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انگلینڈ کےخلاف آئندہ ہونےوالی کرکٹ سیریز کے سکیورٹی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی کے پہلے سے بھی بہتر انتظامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔انگلش کرکٹ ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ ملنے پر روٹ پروٹوکول ایس او پیز کے مطابق ڈیزائن کرینگے۔