• news

اسرائیل کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والا ایرانی خودکش ڈرون تیار


تہران (نوائے وقت رپورٹ) ایران نے کہا ہے کہ ہمارا تیار کردہ 'عرش-2' ڈرون طیارہ اسرائیل کے شہروں تل ابیب اور حیفا کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایران نے لمبے دورانیے تک پرواز کرنے والا خودکش جہاز تیار کیا ہے جس کی مدد سے تل ابیب اور حیفا تک کامیابی سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ بریگیڈئر جنرل کیومرث حیدری کا کہنا تھا کہ یہ ڈرون طیارہ عرش 1 کو بہتر بنا کر بنایا گیا ہے۔ اسی لیے ڈرون کا نام عرش 2 رکھا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایرانی فوج نے جولائی میں مسلح ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے بحری جہازوں اور آبدوزوں کی پہلی قسم کی رونمائی کی تھی۔ تب امریکی صدر جو بائیڈن مشرق اوسط کے دورے پر تھے۔ مئی میں ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے مغرب میں زغروس پہاڑی سلسلے کے دامن میں ڈرونز کے لیے ایک فضائی اڈے کی فوٹیج نشر کی تھی۔ ایران کے روایتی دشمن امریکا اور اسرائیل اس سے قبل اس پر یہ الزام عاید کر چکے ہیں کہ وہ خلیج میں امریکی افواج اور اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں پر حملے کے لیے ڈرون اور میزائل استعمال کر رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن