گوجرانوالہ: دیرینہ دشمنی پر دو بھائی قتل‘ تیسرا دو برس قبل مارا گیا
گوجرانوالہ‘ گکھڑمنڈی‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) دیرینہ دشمنی کی بنا پر دو سگے بھائیوں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ منڈیالہ وڑائچ کے رہائشی رانا عرفان جو گورنمنٹ سکول میں 17گریڈ کے ٹیچر ہیں، صبح ساڑھے سات بجے کے قریب ملحقہ گائوں منڈیالہ وڑائچ میں موٹر سائیکل پر سوار بچوں کو سکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ راجباہ پلی کے قریب تعاقب کرنے والے دو نامعلوم ملزمان جو موٹر سائیکل پر سوار تھے نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزمان نے گلشن لیبر کالونی پہنچ کر مقتول کے بھائی رانا ہاشم جو جنرل سٹور کے دروازے کھول رہا تھا کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور فرار ہوگئے۔ دو بھائیوں کے قتل کے لرزہ خیز واقعات کے بعد علاقہ بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقتولین کے ہنستے بستے گھر میں قیامت برپا ہو گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ مقتولین کے ایک بھائی لقمان کو 2020ء میں قتل کر دیا گیا تھا، ادھر یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ مقتولین کی زمین کے تنازعہ پر رنجش چلی آرہی تھی، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے گوجرانوالہ میں دو بھائیوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور سی پی او گوجرانوالہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔