• news
  • image

نیول چیف امجد خان نیازی سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری محمد رضا بن محمد سینی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ ترجمان نیوی کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر امیرالبحر نے رائل ملائیشین بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء  پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ بعد ازاں رائل ملائیشین بحریہ کے سربراہ نے چیف آف دی نیول سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے ذریعے خطے میں بحری سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ بحری سکیورٹی کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ سربراہ رائل ملائیشین بحریہ کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ رائل ملائیشین بحریہ کے سربراہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون کومزید فروغ ملے گا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن