• news

پیراگون سوسائٹی کیس، نئی رپورٹ طلب  سعد‘ سلمان رفیق عدالت پیش


لاہور (خبر نگار) پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی  کیس میں احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے تفتیشی آفیسر کو نئی رپورٹ 23 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ندیم ضیاء اور فرحان شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نیب حکام نیا چالان پیش کریں گے یا اس کے ساتھ دو ملزمان کا الگ چالان جمع کروایا جائے گا، تفتیشی افسر نے بتایا کہ دونوں ملزمان سے تفتیش میں چند روز لگ جائیں گے، ملزمان نے اپنے حلفی بیان میں کہا ہے کہ ان کے متاثرین سے معاملات طے پا گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک پارٹی کے لیڈر خود کو مہاتما سمجھتے ہیں، وہ حکومت اور ریاست پر حملے کر رہے ہیں، ان کو  جلسوں کی بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی چاہئے۔ عمران خان ملک دشمن اور بے حس ٹولے کا سردار ہے۔ ریلوے کے قلی بھی بھوک کا شکار ہیں، وہ ہمارے ملازم تو نہیں مگر ہمارے نظام سے وابستہ ہیں۔ ان کی مدد کرنی ہے‘ یہ افسوس کی گھڑی ہے، دنیا ہماری مدد کر رہی ہے، مگر کتنی کرے گی، ہمیں اپنی مدد آپ  کرنا ہو گی، شوکت ترین نے ملک کو ڈیفالٹ کروانے کی شرمناک حرکت کی۔ ریلوے کو بحال کرنا ہے اس کے لیے آج سندھ جا رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن