سیلاب‘ امریکہ میں مقیم پاکستانی تاجر شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے آگے بڑھیں: مسعود خان
واشنگٹن (این این آئی) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد سے سیلاب کے بعد پاکستان میں سکولوں کی سرپرستی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے تارکین وطن پر زور دیا کہ سیلاب کے بعد بحالی کے مرحلے میں امریکی تعلیمی اداروں کو پاکستان کے تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے قائل کیا جائے۔ پاکستانی سکولوں اور تعلیمی اداروں کو امریکی انسانی ہمدردی اور فلاحی اداروں سے جوڑا جائے۔ پیر کو سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز اوپن گلوبل کی جانب سے ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ سفیر پاکستان نے اوپن گلوبل کی صدر عنبرین مرزا کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ سفیر پاکستان نے اوپن گلوبل کے چارٹر ممبران کو پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پاکستان کے شعبہ تعلیم پر پڑنے والے اثرات سے آگاہ کیا۔ مسعود خان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی دلخراش تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بڑے پیمانے پر تباہی ماحولیاتی تبدیلی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب ہمارے طلباء کی تعلیم کے حوالے سے بہت بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی کرونا کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھے۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد سے پاکستان کے تعلیمی شعبے میں اپنی توجہ، توانائی اور سرمایہ کاری کے لیے درخواست کی۔ سفیر پاکستان نے شرکاء کو تعلیم کے شعبے میں پاک امریکہ تعاون پر بھی بریفنگ دی۔