ضلع کرم : افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ ، 3جوان شہید ، بھو پور کوابی کا رروائی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی) بین الاقوامی سرحد کے اس پار افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے تین جوانوں کو شہید کر دیا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردوں نے ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں پاکستانی فوجیوں پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کر کے دہشت گردوں کو پسپا کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران نائیک محمد رحمان (عمر 32 سال، سکنہ کرک)، نائیک معاویز خان (عمر 34 سال، سکنہ جمرود، خیبر ایجنسی) اور سپاہی عرفان اللہ (عمر 27 سال، ساکن درگئی، مالاکنڈ) شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغان سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ افغان حکومت دہشتگردوں کو اپنی سرحد سے کارروائیوں سے روکے۔ وزیر خارجہ نے پاک فوج کے شہداء کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے جوابی کارروائی پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔