پٹرولیم ، بجلی نر خوں میں اضا فہ کیخلاف قرارداد ، 2یو نیورسٹیز کے جل منظور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز تقریباً ڈھائی گھنٹہ کی تاخیر سے سپیکرمحمد سبطین خان کی زیرِ صدارت شروع ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران محکمہ محنت و انسانی وسائل سے متعلق سوالات پوچھے گئے جن کے جوابات صوبائی وزیر انصر مجید خان نیازی نے دیئے۔ بعد ازاں سپیکر محمد سبطین خان نے صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ سے استفسارکیا کہ اسمبلی سوالات کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اس پر کیا پیش رفت ہوئی۔ جس پر محمد بشارت راجہ نے بتایا کہ آپ کے حکم کے مطابق آج کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران سال 2019 اور 2020کے سوالات نہیں لیے جائیں گے۔ سال2021اور 2022 کے سوالات لیے جائیں گے۔ بعدازاں صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ مسودہ قانون نے دی ملتان یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2022اور مسودہ قانون دی سہارا یونیورسٹی بل 2022 ایوان میں پیش کیے جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ محمد بشارت راجہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ اجلاس میں ایوان نے مسودہ قانون دی اسپائر یونیورسٹی لاہور بل (مسودہ قانون 51بابت 2021)، مسودہ قانون دی بہاولپور میٹرو پولیٹن یونیورسٹی بل 2021 (مسودہ قانون 24بابت 2021)، مسودہ قانون دی لاہور سٹی یونیورسٹی بل2021 (مسودہ قانون 86بابت 2021)، مسودہ قانون (ترمیم) دی پنجاب مفت اور لازمی تعلیم بل 2020 (مسودہ قانون 47بابت 2020) منظورکیے اور بعدازں گورنر پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوائے گئے۔ تاہم گورنر پنجاب نے بل منظور کئے بغیر واپس بھیج دیئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر پارلیمانی امور نے مذکورہ تمام بلز اسمبلی میں دوبارہ پیش کیے گئے جنہیں ایوان نے کثرت رائے سے دوبارہ منظور کر لیا۔ رکن اسمبلی سید عثمان محمود نے ایوان میں ماچھکہ، صادق آباد (ضلع رحیم خان)کی حدود میں دریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے کے سانحہ پر گہرے رنج و غم اور افسوس کے اظہار کی قرارداد پیش کی جسے اسمبلی نے منظور کر لیا۔ رکن اسمبلی شاہینہ کریم، شمیم آفتاب، سیمابیہ طاہر و دیگر اراکین اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہو شربا اور غیر منصفانہ اضافے کے خلاف ایوان میں قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔ پٹرولیم اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد ایم پی اے شاہینہ کریم کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی قرارداد میں پٹرولیم اوربجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔