پیپلز پارٹی کے8 معاونین خصوصی تعینات ‘ 6 پارلیمانی سیکرٹری نامزد
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+خبرنگار) وزیراعظم شہباز شریف نے مزید آٹھ معاونین خصوصی تعینات کردیئے، کابینہ میں نئے شامل ہونے والے آٹھوں معاونین خصوصی کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔ نئے معاونین میں نوابزادہ افتخار خان، مہر ارشاد سیال، رضا ربانی کھر، مہیش کمار ملانی، فیصل کریم کنڈی ، سردار سلیم ،تسنیم احمد قریشی اور محمد علی شاہ باچا شامل ہیں۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے ان معاونین خصوصی کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان تعیناتیوں کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 70 ہو گئی ہے۔ مزید براں وزیر اعظم نے 6 ارکان قومی اسمبلی کو پارلیمانی سیکرٹریز کے عہدوں کیلئے نامزد کر دیا ہے جسکا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا یے نوٹیفیکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کی تاندلیانوالہ سے رکن قومی اسمبلی عائشہ رجب بلوچ کو دفاعی پیداوار کا پارلیمانی سیکرٹری،خورشید احمد جنیجووزارت تخفیف غربت و سوشل سیفٹی،شاہدہ رحمانی وزارت اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، ذوالفقار بچانی وزارت ابی وسائل،رفیق احمد جمالی وزارت نجکاری اور سید ابرار علی شاہ کو وزارت کشمیرامور وگکگت بلتستان کا پارلیمانی سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے۔