چھاؤنی میں 10 سالہ گونگی بہری بچی سے زیادتی‘ مقدمہ
لاہور‘ شیخوپورہ‘ موڑ کھنڈا (نامہ نگاران + نامہ نگار خصوصی) تھانہ جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں نامعلوم درندہ صفت ملزم نے بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم 10سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ہے۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ چوکی نادرا آباد، شاہ چراغ بستی میں نامعلوم سفاک ملزم نے بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور حالت غیر ہونے پراسے نیم بے ہوشی کی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے۔ متاثرہ بچی کے والد نوید نے پولیس کو بتایا کہ میں اور میری بیوی نوکری پر گئے ہوئے تھے۔ گزشتہ روز وہ گھر سے باہر چیز لینے گئی۔ اس کو کسی نے کچھ کھلایا اور زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بستی چراغ شاہ میں 10 سالہ معذور بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیکر ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ محلہ ارائیانوالہ گلی ملک یونس میں دو اوباشوں نے 14 سالہ (ط) کو بوتل میں نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ طیب اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ محسن مغل اور اسامہ اسے ورغلا‘ پھسلا کر فیصل آباد روڈ کے قریب مکان میں لے گئے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم پولیس ملزم پکڑنے سے گریزاں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پلی بونگاں گلاں کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور رحمت کا تیسری جماعت کا کم سن بیٹا محمد (الف) گزشتہ روز عصر کی نماز پڑھنے مسجد گیا تو عامر نامی نوجوان نے محمد احمد کو مسجد کی صفائی کرنے کے بہانے روک لیا اور جب نمازی حضرات چلے گئے تو اس نے مسجد کا دروازہ بند کر لیا‘ بچے کو مزاحمت پر تشدد کرتے ہوئے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ زخمی حالت میں چھوڑکر فرار ہو گیا۔ جبکہ پولیس کی روایتی بے حسی کی وجہ سے ملزم آزاد ہے اور بااثر افراد غریب محنت کش کو صلح کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں۔ اس سلسلے میں رحمت علی نے روتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی اپیل کی ہے۔