• news

سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی آمد جاری‘ مزید پروازیں  پہنچ گئیں


اسلام آباد‘ کراچی (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے امدادی  پروازوں کی آمد جاری ہے، اب تک82  پروازیں متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیلاب زدگان کے لئے اب تک متحدہ عرب امارات سے 37، ترکیہ سے 12، چین سے 4، ازبکستان سے ایک، قطر سے چار، فرانس سے ایک، یونیسیف کی دو، اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ (یو این ایچ سی آر) کی 6 ، ترکمانستان سے ایک، اردن کی ایک  اور عالمی ادارہ خوراک کی3  اور امریکہ سے 10پروازیں امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچی ہیں۔ متحدہ عرب امارات سے مزید 4  پروازیں گزشتہ روز کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ گئیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارہ (یو این ایچ سی آر) کی امدادی سامان سے لدی ہوئی دو پروازیں کراچی میں اتریں۔ پیر کی شب تک یو این ایچ سی آر کی 6 پروازیں امدادی سامان لیکر پاکستان آچکی ہیں۔ دیگر دو پروازیں متحدہ عرب امارات سے امدادی سامان لیکر آئی ہیں۔ اسلام آباد سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق نیپال سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے انسانی امداد کی پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پہنچ گئیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لیکر پہلا سعودی جہاز کراچی ائرپورٹ پہنچ گیا۔ پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر بھی ائرپورٹ پر موجود تھے۔ امدادی سامان حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ ترکیہ سے ایک اور امدادی سامان کی پرواز کراچی ائرپورٹ پر پہنچی۔ امدادی سامان صوبائی وزیر سعید غنی اور ترکیہ کے قونصل جنرل نے وصول کیا۔

ای پیپر-دی نیشن