جبری گمشدگی سنجیدہ معاملہ ، حکومت جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے: رانا ثناء
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) یورپین یونین کے ایشیا اینڈ پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ایم ڈی پاؤلا پامپلونی (Ms Paola Pampaloni) کی وفد کے ہمراہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اورایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ مومن آغا اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان شہریوں کے ری ایڈمشن معاہدے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ پاکستان سے غیر قانون امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور ٹریفیکنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی پر بھی بات چیت کی۔ پاؤلا پامپلونی نے افغان شہریوں کے پرامن انخلاء میں پاکستان کے کردار کی بھر پور تعریف کی۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے۔ حکومت جمہوری اقدار، قانون پر عملداری اور انسانی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے۔ شہریوں کی زبردستی گمشدگی کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور ٹریفیکنگ کے خلاف سخت انتظامی ایکشن لئے ہیں۔ پائولا پامپلونی نے کہا کہ پاکستان، یورپی یونین کا اہم شراکت دار ملک ہے۔ تعمیری ڈائیلاگ جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔ پاؤلا پامپلونی نے کہا کہ یورپی یونین انسانی آزادی اور جمہوری اقدار سے متعلق قوانین میں اصلاحات کیلئے پاکستان سے مشاورت جاری رکھے گی۔