سیلاب : کون خدمت کر رہا ، کون سیاست ، عوام دیکھ رہے ہیں ، حساب لیں گے : وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث بد ترین تباہی کا سامنا ہے، اس وقت صرف یکجہتی کی باتیں کافی نہیں، عملی کام کی ضرورت ہے، پاکستان کے ساتھ نا انصافی کا دنیا کو ازالہ کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزید 3،2 ہفتے میں پانی اتر جائے گا اور لوگ اپنے گھر منتقل ہوجائیں گے۔ کابینہ ارکان ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے دورہ پاکستان کے موقع پر ہمارے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ کسی بھی ذمہ دار عہدے کے حامل شخص نے اس سے قبل اس طرح کی باتیں نہیں کیں۔ لاڑکانہ میں سیکرٹری جنرل ہمارے کروڑوں لوگوں کے ترجمان بنے اور کہا کہ خالی ہمدردی اور یکجہتی کی باتیں کافی نہیں، عملی طور پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اور پاکستان کے ساتھ جونا انصافی ہوئی ہے اس کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے، اہم عہدے پر براجمان شخص کی جانب سے ایسی باتیں قابل غور ہیں۔ ان کا کہنا تھا قوم کو بخوبی یہ علم ہوچکا ہے کہ کون ان کے دکھ درد میں مشکل کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑا ہے اور کون سیر سپاٹے کررہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا وقت آنے پر عوام سیلابی صورتحال میں سیاست کرنے والوں سے حساب لیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ انہوں نے وزراء اور سرکاری افسران کو اسلام آباد میں اپنے ٹھنڈے کمروں سے باہر نکل کر عوام میں جانے اور ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام یاد رکھیں گے کون ان کے پاس آیا اور کون اسلام آباد میں بیٹھا رہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو پتہ ہے کون سیلاب پر سیاست اور کون خدمت کررہا ہے، وہ خاموش ہیں، لیکن ان کے اندر ناراضی، دکھ اور تکلیف ہے جسے وہ بیان نہیں کرپا رہے، وقت آئے گا جب وہ اس بات کا حساب بھی لیں گے اور شاباش بھی دیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کا ذمہ دار نہ ہونے کے باوجود قیمت چکائی، انتونیو گوتریس نے بھی کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے زیراثر ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دادو گرڈ سٹیشن کو محفوظ بنانے کے لئے 36 گھنٹے میں بند باندھنا لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دادو گرڈ سٹیشن کی سیلاب سے حفاظت کے لئے سول اور ملٹری حکام کے تعاون سے 36 گھنٹے میں 3 کلومیٹر کا بند باندھنا لائق تحسین اقدام ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ رتو ڈیرو اور خضدار کے درمیان ایم 8 پر لینڈ سلائیڈنگ ہٹا کر بلوچستان کی آخری شاہراہ کو بھی ٹریفک کے لئے بحال کرنے پر این ایچ اے کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعظم نے ای سی سی کے فیصلوں، نجکاری کمیٹی کے فیصلوں اور کابینہ کی قانون ساز کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی منظوری دی جبکہ دس ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی زونرجی کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قابل تجدید توانائی ہی پاکستان کا مستقبل ہے۔ قابل تجدید توانائی کے استعمال سے سستی بجلی پیدا ہو گی۔ قابل تجدید توانائی کے استعمال سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔ شمسی توانائی منصوبوں پر آج پری بڈنگ کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی۔ پاکستان اور چین بہترین دوست ہیں۔ چین نے ہر محاذ پر پاکستان کی حمایت کی۔ چینی کمپنی کی جانب سے وزیراعظم ریلیف فنڈ کیلئے خطیر رقم کا چیک دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے ملاقات کی۔ فیصل سبزواری نے وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے عطیہ کا چیک پیش کیا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہماری حکومت اس وقت سلاب متاثرین کی بحالی میں مصروف ہے، آپ کے الزامات اور غلط فہمیوں سے متعلق وقت نہیں، میں نے اور میرے ساتھیوں نے قانون کے سامنے سر جھکایا ہوا ہے۔ یہ تمام پابندیاں اور ہتھکنڈے آپ کی صفات ہیں ہماری نہیں۔ ہم صرف قانون اور آئین کے راستے پر چل رہے ہیں۔ امید ہے کہ آپ موجودہ فنڈز کے ساتھ 2010ء کے سیلاب متاثرین کے نام پر لئے گئے چندے کا حساب ضرور دیں گے۔اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے صدر مسلم لیگ( ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے ملاقات کی۔ ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ غلام قادر نے آزادکشمیرکی سیاسی صورت حال اور جماعتی امور پر صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تفصیلی بریفنگ دی۔ شاہ غلام قادر نے کشمیرکے مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز بلندکریں گے۔ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں جس پرکسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے وزیراعظم پاکستان کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دی توان کا کہنا تھا کہ امریکہ سے واپسی کے بعد آزادکشمیر کا دورہ کروں گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور نیشنل کوآرڈینیٹر این ایف آر سی سی میجر جنرل ظفر اقبال نے اجلاس کے شرکاء کے ساتھ تازہ ترین اپ ڈیٹس شیئر کیں۔ انہوں نے دوست ممالک سے پاکستان کو پہنچنے والی بین الاقوامی امداد پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سول اور ملٹری حکام کی کوششوں کو سراہا۔