ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنیوالی پاکستان پولو ٹیم کی وطن واپسی
لاہور (سپورٹس رپورٹر)فاتح پاکستان پولو ٹیم جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ سے لاہور پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر پولو فیملی کی بڑی تعدا د نے قومی ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔ پاکستان پولو ٹیم نے جنوبی افریقہ میں ایف آئی پی پولو ورلڈ کپ کے پلے آف زون ای میں بھارت کو مسلسل دو میچوں میں شکست دے کر اکتوبر میں امریکہ میں ہونیوالے ورلڈ کپ پولو چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی بھی کیا۔ پاکستان پولو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل ایاز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی پولو ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اور ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے میچ میں بھارت کو 5-4 سے شکست دی اور دوسرے میچ میں 7-3 سے ہرایا۔ 2014ءکے بعد پاکستان نے پولو ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک مرتبہ پھر بھارت کو شکست دی اور ورلڈ کپ کا مین راو¿نڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ٹیم اکتوبر نومبر میں ہونیوالے ورلڈکپ مقابلوں میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔ انہوں نے پاکستانی قوم، پولو فیملی اور پولو کے کھیل کو سپورٹ کرنے والوں کا شکریہ، پاکستان پولو ٹیم کو اگلے مرحلے کیلئے مزید دعاو¿ں کی ضرورت ہے جہاں بڑی پولو ٹیموں سے پاکستان نبرد آزما ہوگی۔ لاہور پہنچنے والوں میں بریگیڈیئر (ر) بدر الزمان، لیفٹیننٹ کرنل ایاز احمد سیکرٹری پی پی اے، لیفٹیننٹ کرنل (ر) عمر منہاس، حمزہ مواز خان،احمد علی ٹوانہ، راجہ جلال ارسلان، عمران شاہداور شہزاد احمد شامل تھے جبکہ راجہ سمیع اللہ اور راجہ میکائل سمیع راولپنڈی ایئرپورٹ پر اترے۔
قومی ٹیم اکتوبر کے آخری ہفتہ میں امریکہ میں ورلڈ کپ کھیلے گی، دنیا کی بہترین 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، آسٹریلیا، ارجنٹینا، امریکہ، چلی، پاکستان ورلڈ کپ کےلئے کوالیفائی کر چکی ہیں، باقی تین ٹیموں کا ابھی فیصلہ ہونا ہے۔