• news

مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑینگے :پانڈا انڈسٹریز 


لاہور (کامرس رپورٹر )پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کی تنظیم پانڈا انڈسٹریز ایسوسی ایشن نے پنجاب میں 4000 سیلاب متاثرین کیلئے لاکھوں روپے کے امدادی سامان کے 7 ٹرک ڈیرہ غازی خان بجھوادئیے ہیں۔ لاہور ملتان روڈ پر چیلنج ٹیکسٹائل مانگامنڈی سے چینی قونصل جنرل چاو شرن نے ڈیرہ غازی خان کیلئے امدادی سامان کےساتھ ٹرکوں کو رخصت کیا۔ مانگامنڈی چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری میں امدادی سامان بجھوانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل چاو شرن نے کہا کہ7 ٹرک کل کمشنر ڈیرہ غازی خان کے حوالے کئے جائیں گے۔ چینی حکومت نے بھی 13 ارب 20 کروڑ روپے کی امداد پاکستان حکومت کو دی ہے اور اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا جبکہ نجی سرمایہ کاروں کی امداد اس کے علاوہ ہے۔ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستانی سیلاب زدگان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک امداد جاری رہے گی۔ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کی تنظیم پانڈا انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف قمر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کو بھجوائی جانے والے سامان کی پہلی کھیپ میں مچھر دانی، کھانے کیلئے تیار اشیاء، منرل واٹر، کپڑے، خیمے اور ادویات شامل ہین اور مزید امداد بھی بجھوائی جائے گی۔ امدادی سامان کے 7 ٹرک کل کمشنر ڈیرہ غازی خان کے حوالے کئے جائیں گے اور راجن پور کے متاثرین سیلاب میں یہ سامان تقسیم کیا جائے گا ۔چیلنج ٹیکسٹائل کمپنی کی مینیجنگ ڈائریکٹر کیرن چن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دو برادر ہمسایہ ملک ہیں اور سیلاب زدگان کو مدد کی اشد ضرورت ہے اور چین مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن