• news

سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے:عاطف منیر شیخ 


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے انکم ٹیکس کے گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ کو فوری طور پر ملک میں معمول کی صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی سے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے سیلاب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس سے 1.5ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ بلوچستان ، سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں کھڑی فصلوں اور باغات تباہ ہونے کے علاوہ اِن لوگوں کے روزگار کا واحد ذریعہ جانور بھی بہہ گئے ہیں ۔


 انہوں نے کہا کہ حکومت اور مخیر حضرات کی کوششوں کے باوجود اِن علاقوں میں معمول کی زندگی کی بحالی میں 8ماہ سے ایک سال تک کا عرصہ لگ سکتا ہے اس لئے انکم ٹیکس کے گوشواروں کی وصولی کی تاریخ بھی اس حوالے سے مقرر کی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے بہت سے ٹیکس دہندگان ٹیکس کی کم از کم حد سے بھی نیچے آ چکے ہیں جس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں واضح کمی کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور خاص طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو گوشوارے جمع کرنے کی بجائے فوری طور پر ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں سے تھوڑا تھوڑا ٹیکس جمع کر کے ٹیکس کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کو سخت اقدامات اٹھانے کی بجائے ٹیکس دہندگان سے نرم رویہ اختیار کرنا ہوگا کیونکہ سیلاب سے ہر شخص براہ راست یا بلواسطہ طور پر ضرور متاثر ہوا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن