شارٹ فال 6750 میگا واٹ، 12 گھنٹے سے زائد لوڈ شیڈنگ، کاروبار زندگی مفلوج
اسلام آباد؍ گگومنڈی (نامہ نگاران) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5ہزار میگا واٹ سے بڑھ گیا۔ مختلف شہروں میں 12گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6ہزار 750میگاواٹ ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 950میگاواٹ ہے۔ بجلی کی کل طلب 26 ہزار 700 سو میگاواٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ نامہ نگار گگومنڈی کے مطابق گزشتہ کئی روز سے گگومنڈی اور اس کے مضافاتی چکوک میں 18گھنٹے سے زائد غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بنا ہوا ہے۔ فیکٹریوں میں کام بند ہونے سے مزدوروں جبکہ دکانوں پرکاروبار متاثر ہونے سے چھوٹے دکانداروں کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آن پہنچی۔ علاوہ ازیں بجلی کی طویل بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔