بھارت میں موٹرسائیکل شو روم میں آگ لگنے سے خاتون سمیت 8 افراد ہلاک،11 زخمی
نئی دہلی(آئی این پی) بھاری ریاست تلنگانہ میں موٹر سائیکل کے شو روم میں آگ لگنے سے 8 افراد ہلاک اور11 زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر سکندر آباد میں ای موٹرسائیکلوں کے شو روم میں آتشزدگی سے خاتون سمیت 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے وقت شو روم میں ای اسکوٹرز چارج ہو رہی تھیں جس سے ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ شو روم میں لگنے والی آگ نے چوتھی منزل پر واقع ریسٹورنٹ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔رپورٹس کے مطابق کچھ افراد نے آگ سے بچنے کے لئے عمارت سے چھلانگ لگا دی۔واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نیکہا ہے کہ وہ ہلاکتوں سے غمزدہ ہیں اور انہوں نے آگ میں ہلاک ہونے والوں کے لیے معاوضے کا وعدہ کیا۔رواں سال الیکٹرک سکوٹروں میں لگنے والی آگ نے حکومت کو پریشان کر دیا ہے، جو آلودگی کے خلاف جنگ میں ان کے استعمال کو فروغ دینے کی خواہاں ہیں۔