• news

عمران کا عزم برقرار، سازشیں کرنے والے تھک جائیں گے: عمر چیمہ 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹر) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ سازشیں کرنے والے تھک جائیں گے، عمران خان کا عزم برقرار رہے گا۔ جمہوریت، معیشت اور اس ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے ماضی میں بھی بری طرح ناکام رہے۔ آئندہ بھی منہ کی کھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک تہائی ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، جب شہباز شریف قطر، مولانا فضل الرحمان ترکی اور بلاول زرداری بھی بیرونی دوروں پر تھے، تب عوام کا درد رکھنے والے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عوام کی خاطر ٹیلی تھون کرنے میں مصروف تھے۔ وفاقی حکومت سے عمران خان کی یہ عوام دوستی بھی ہضم نہ ہوئی اور انہوں نے مین سٹریم اور سوشل میڈیا پر قدغن لگا کر ٹیلی تھون کو ناکام کرنے کی کوشش کی۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق مشیر وزیر اعلی پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ماضی میں دیگر حکمرانوں نے ججز سمیت دیگر اداروں کے خلاف باتیں کیں۔ ہمارے رہنماؤں نے کبھی عدالت کے خلاف بات نہیں کی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے بار روم میں انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام آئین اور قانون کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، قانون کے سامنے سب برابر ہیں، ہم عمران خان کی قیادت میں اپنی جدوجہد جاری ر کھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن