• news

وزیر آباد: سسرالیوں نے مبینہ طور پر دلہن کو پھندا دے کر قتل کر دیا 


وزیرآباد (نامہ نگار) وزیر آباد کے نواحی علاقہ منصور والی میں سات ماہ قبل شادی کر کے پیا گھر آنے والی لاہور کی رہائشی خاتون کو سسرالیوں کے مبینہ تشدد کے بعد قتل کر دیا۔ پولیس تھانہ احمد نگر کو دی جانے والی درخواست میں مقتولہ ثمینہ کے بھائی نے موقف اختیار کیا کہ ان کی ہمشیرہ کو اس کے لالچی سسرالیوں نے میکے سے رقم منگوانے پر مجبور کیا اور بعد ازاں اس پر چوری کا الزام لگا کر پھندا دے دیا۔ قبل ازیں بھی مقتولہ کے شوہر نے مجبور کر کے میکے سے تین لاکھ روپے منگوائے اور مزید تقاضا کر رہا تھا  درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی ہمشیرہ پر ایک لاکھ 45 ہزار روپے چوری کرنے کا الزام لگایا گیا اور بعد ازاں اسے اس کی ساس، سسر اور شوہر نے پھندا دے کر قتل کر دیا۔ دوسری جانب مقتولہ کے سسرالیوں کا کہنا ہے کہ خاتون نے خود کشی کی ہے۔ پولیس تھانہ احمد نگر نے مقتولہ ثمینہ کے بھائی فیاض کی مدعیت میں شوہر نفیس، سسر سعید اور ساس شگفتہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن