بریک تھرو دور نہیں ، جلد سیا سی بحران کا حل نکل آئیگا : صدر علوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں بریک تھرو دور نہیں، جلد اچھی خبر آنے والی ہے، سیاسی مفاہمت ہو ، تمام فریقین ایک چھت تلے جمع ہوں یہ اب ناممکن نہیں، کوشش ہے مسائل کا حل مذاکرات سے ہی نکل آئے۔ انتخابات ملکی بحرانوں سے نکلنے کا بہترین حل ہے۔ الیکشن میں اب چند ماہ کا فرق رہ گیا ہے۔ سیاستدانوں کے درمیان الیکشن کے حوالے سے بات چیت ہونی چاہیے۔ آرمی چیف کی نئے الیکشن تک تعیناتی موخرکرنے پر رائے نہیں دوں گا، فیصلہ ساز ٹیبل پر سپہ سالار کا معاملہ طے کریں تو اچھا ہے، اچھے مینڈیٹ کے ساتھ سارے فیصلے ہوں تو اچھا ہے۔ صدر مملکت نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ 3 بحران ہیں، سیلاب، معاشی اور سیاسی بحران ہیں، سیاسی بحران سب سے بڑا بحران ہے۔ آئی ایم ایف قسط کے بعد وقتی طور پر بینڈج لگا ہے۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سیاست کا بحران ہے جس کو حل کرنا آسان ہے، بہت سارے لوگ وقتی مفاد کی وجہ سے اس بحران سے نکلنے کو تیار نہیں۔ انتخابات شائد ان بحرانوں سے نکلنے کا بہتر حل ہے۔ قوم کو کلیئر لیڈر شپ چاہیے، آئین کے اعتبارسے اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کر سکتا ہوں، ، مجھے ڈر ہے کہیں معاشی بحران اس نہج پر نہ چلا جائے، عوام سڑکوں پر آ جائیں، آپس میں گفتگو کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں، کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر معاملے کو نمٹانا چاہیے، الیکشن کے بعد جو بھی پارٹی جیتے اسے مینڈیٹ لیکر آنا چاہیے۔ ہٹ دھرمی سے ملک کا نقصان ہو گا، انا پر قابو پا لیں تو ہم سو فیصد یہ کام کر سکتے ہیں، شائد انتخابات ان بحرانوں سے نکلنے کا ایک بہتر حل ہے، صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ رہتا ہے، اصل کام حکومت اور اپوزیشن بیٹھ کر چیزیں طے کریں، عمران خان نے پیشکش کی ہیں، رابطے بے انتہا ضروری ہے، کہا سنا معاف کر کے آگے چلنا چاہیے۔ کچھ بہتری ہو گئی ہے، عمران خان سے فون یا میسجنگ سے رابطہ رہتا ہے۔ پوری قوم منتظرہے کم سے کم کوئی آپس میں کوئی معاہدہ ہو جائے، بہترین طریقہ ہے کچھ ادھر کچھ ادھرکرلیا جائے، میرے کہنے کا مطلب ہے ایک دو مہینے اِدھر اْدھر کر لینے چاہئیں، ہٹ دھرمی سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ یہ کہنا پہلے یہ کر لو وہ کر لودرست نہیں ہے۔ لیکن کہیں سے تو ابتدا کرنا ہو گی، پاکستان اب مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ دوریاں مِس کمیونیکشن، سوشل میڈیا کی وجہ سے پھیلیں، سوشل میڈیا کی فیک نیوزپرقابوپانا ہوگا۔ سوشل میڈیا کو بند کرنا یا دہشت گردی کا الزام لگانے سے تناؤ پیدا ہو گا، پروپوزل موجود ہے ٹیبل پر تو آئیں۔صدر کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی نئے الیکشن تک تعیناتی موخرکرنے پر رائے نہیں دوں گا، فیصلہ ساز ٹیبل پر سپہ سالار کا معاملہ طے کریں تو اچھا ہے۔ بہت جلد سیاسی بحران کا حل نکل آئے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خرلاچی میں افغانستان سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کی ہے‘ صدر مملکت کا واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیسن کیا‘ صدر مملکت کی شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ صدر مملکت کا ورثاء سے اظہار افسوس اور صبر جمیل کی دعا کی۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے نے قائد اعظم کے بیان کہ’ جمہوریت مسلمانوں کے خون میں شامل ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسا کہ دنیا جمہوریت کا عالمی دن منانے کے لیے متحد ہے۔ پاکستان اسلامی اصولوں اور بانی قوم کے وژن کے مطابق جمہوریت کو پروان چڑھانے اور مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ واضح طور پر بیان کرتا ہے کہ ریاست اپنی طاقت اور اختیار کو عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال کرے گی۔ پاکستان اس عزم پر قائم ہے کہ حقیقی جمہوریت ہی جامع فیصلہ سازی اور پالیسی سازی کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، خاص طور پر اقلیتوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام سمیت دنیا کے ان تمام مظلوم لوگوں کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے جو بے آواز ہیں اور اپنے جمہوری حق خود ارادیت کا استعمال نہیں کر سکتے۔