وکلاء کے ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ: احسن بھون
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی کی جانب سے اسلام آباد کنونشن سنٹر میں وکلاء کنونشن منعقد کیا گیا۔کنونشن کی میزبانی صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے کی۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ وفاقی وزیر ہائوسنگ مولانا عبدالواسع مولانا اسعد محمود نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ملک بھر سے وکلاء شریک ہوئے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ سابق صدور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور بار کونسل کے نمائندوں کے لیے پہلی قطار میں نشستیں مختص کی گئیں۔ کنونشن سنٹر میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔ صرف سرکاری میڈیا کو ہی کوریج کی اجازت تھی۔ کنونشن میں وزیر قانون اعظم نذیر تاڑر کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کا وکلاء ہائوسنگ سکیم کے لیے خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ کنونشن سنٹر کے باہر وکلاء کے الاٹمنٹ لیٹرز کی تقسیم کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چوہدری اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینیئر وکلاء میں الاٹمنٹ لیٹرز خود تقسیم کیے۔ وزیراعظم نے وکلاء ہاؤسنگ سکیم کے دیرینہ مسئلے کے حل پر وکلاء کو مبارکباد پیش کی۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے وکلاء برادری کے اپنے گھر کا خواب پایہ تکمیل کو پہنچانے پر وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔