آئی اے کی چین کیلئے طلبائ‘ مسافروں کے کرائے میں 10 سے 15 فیصد کمی
(نیوز رپورٹر) چین میں کرونا پابندیوں کی وجہ سے فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافوں کے بعد پاکستانی طلبہ کو روانگی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم قومی ائرلائن نے طلبہ کی سہولت کے لیے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ چین جانے والے پاکستانی طلبہ کے لیے پی آئی اے نے بڑا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت طلبہ کو ٹکٹوں پر 15 فی صد رعایت دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کے علاوہ چین جانے والے مسافروں کو بھی ٹکٹوں پر10فیصد رعایت حاصل ہو گی۔ علاوہ ازیں قومی ائرلائن کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے سامان کے وزن کی حد بھی 40 سے بڑھا کر80 کلو کر دی گئی ہے۔ چینی شہر شایان کا کرایہ 5 لاکھ 19 ہزار جب کہ شندو کا کرایہ 5 لاکھ 8 ہزار روپے ہے۔ پی آئی اے کی جانب سے رعایت کے اعلان سے پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں پر76سے 78ہزار روپے کا ڈسکاونٹ ملے گا جب کہ چین جانے والے مسافروں کو بھی50 ہزار تک رعایت ملے گی۔