• news

سیدعطاء الرحمن کا بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل کمپنیوں کیخلاف آپریشن کا حکم 

لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)ڈاکٹر سیدعطاء الرحمن نے بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل کمپنیوں کیخلاف آپریشن کا حکم دیدیا۔ لاہور زون میں کارروائی شروع، تین بڑے سٹورز پر چھاپے،سینکڑوں ٹن سریا ضبط، سٹور مالکان کو بغیر لائسنس سریا بنانے والی کمپنیوں کا مال بیچنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ڈاکٹر سیدعطا ء الرحمن نے پی ایس کیو سی اے کے شعبہ سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر،کنفرمٹی اسسمنٹ لاہور زون کے ڈائریکٹر انجینئرمحمد رضوان کو کارروائی کا ٹاسک دیا جس پرانکی تشکیل کردہ ٹیم نے گزشتہ روز گرین ٹاؤن کے علاقے میں قائم تین سٹورز پر چھاپے مارے اور پی ایس کیو سی اے کے لائسنس کے بغیر سریا بنانے والی مختلف غیر قانونی کمپنیوں کا سینکڑوں ٹن سریا ضبط کرتے ہوئے سٹور مالکان کو موقع پر نوٹس جار ی کر دیئے۔پی ایس کیو سی اے ایکٹ کے مطابق پی ایس کیو سی اے کا لائسنس نہ رکھنے والے برانڈز کی اشیا ء فروخت کرنا غیرقانونی فعل ہے۔ انجینئر محمد رضوان نے پی ایس کیو سی اے لائسنس کے بغیر سریا بنانے والی کمپنیوں کو فوری طور پر لائسنس کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا تفریق تمام غیر قانونی کمپنیوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور شہر بھر میں موجود سٹیل کے غیرقانونی یونٹس بھی بند کر دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن