سجادہ نشینی مقدس منصب، صحیح العقیدہ ہونا ضروری : اشرف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ میں کل دن ایک بجے دوسرا ”افکارِ مجددالف ثانی قدس سرہ العزیز سیمینار“ منعقد کیا جائےگا۔ دو قومی نظرئیے کے بانی، برصغیر پاک و ہند کی نہایت روحانی، فکری اور انقلابی شخصیت حضرت شیخ احمد سرہندی فاروق کے افکار و نظریات کو اجاگر کرنے کیلئے تاریخی سیمینار کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی سیمینار میں خصوصی مقالہ پیش کریں گے۔ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ سجادہ نشینی ایک نہایت مقدس اور اہم منصب ہے۔ اس کے لیے علم اور تقویٰ کےساتھ ساتھ صحیح العقیدہ ہونا نہایت ضروری ہے۔
عصر حاضر میں بعض نااہل، ان پڑھ اور بد عقیدہ سجادہ نشین حضرات کیوجہ سے نظامِ خانقاہی اپنی افادیت کھوتا جا رہا ہے۔ ایسے سجادہ نشین حضرات کی اصلاح کیلئے حضرت مجدد الف ثانی کے مکتوبات شریف اکسیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چنانچہ ان کے مکتوبات شریف سے ایک اہم مقالہ تیار کر کے سیمینار میں پیش کیا جارہا ہے۔