• news

مہمان ٹیم کے کپتان آج دن دو بجے پریس کانفرنس کرینگے ‘دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن کل شام کو ہوگا‘ٹی ٹونٹی میچز شام ساڑھے سات بجے شروع ہونگے 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)کراچی میں پاکستان‘ انگلینڈ کرکٹ سیریز کے پریکٹس شیڈول کا اعلان کر دیا گیا،انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال بعد سیریز کھیلنے کیلئے آج کراچی پہنچے گی ،انگلش ٹیم کے کپتان آج دن 2 بجے پریس کانفرنس کریں گے، دونوں ٹیمیں پہلا پریکٹس سیشن جمعہ کی شام کریں گی،ہفتے کو بھی پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پریکٹس سیشن کریں گی۔ میچز رات 7:30 بجے شروع ہونگے۔ انگلش ٹیم پاکستان میں 7 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جن میں سے کراچی میں 4 اور لاہور میں 3 میچز کھیلے جائیں گے۔سیریز کے ابتدائی چار میچز 20 ، 23،22 اور 25 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو شیڈول میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے قومی سکواڈ کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کیلئے کڑا امتحان بن گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم کیلئے سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کا عمل جاری ہے مگر ناموں کو حتمی شکل دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی اصل وجہ ایشیا کپ میں بیٹرز کی خراب پرفارمنس اور چند کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل ہیں۔تجویز ہے کہ محمدرضوان اور شاداب خا ن کو انگلینڈ کےخلاف ابتدائی میچز میں آرام دیا جائے اور سرفراز احمد، محمد زاہد اور عثمان قادر کو کھلایا جائے، اوپنر شان مسعود کو بھی سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے سکواڈ کا اعلان آج کیا جائےگا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم اس حوالے سے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کریں گے۔پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز، نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کے سکواڈ کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن