• news

صفدرآباد‘ کسووال‘ حافظ آباد گیس اور بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج


صفدرآباد‘ کسووال، حافظ آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) صفدرآباد میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے گیس 24 گھنٹوں میں چند گھنٹے آتی ہے۔ صبح ناشتہ اور رات کے کھانے کے وقت گیس زیرو ہوتی ہے۔ بچے سکول اور مرد بھوکے دفتر جانے پر مجبور ہیں۔ ایل پی جی گیس عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صفدرآباد سے گیس کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے۔ کسووال سے نامہ نگار کے مطابق کسووال ‘شاہکوٹ‘ اقبال نگر سمیت گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا سکھ اور چین چھین لیا۔ گرمی کی شدت کی وجہ سے طلباء و طالبات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طلباء و طالبات بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی سے نڈھال ہو جاتے ہیں جبکہ چھوٹے کاروباری حضرات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری پنجاب سے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ سے شہری پریشان ہو گئے۔ دن اور رات کے دوران کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جانے لگی جس سے کاروبار متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ رات کو آرام کرنا بھی محال ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن