ترکی سے ڈیپورٹ پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہزاروں جیل منتقل
لاہور (محمد علی جٹ) ترکی سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستان کے شہریوں کی تعداد میں حیران کن اضافہ، گزشتہ دو ماہ میں ہزاروں شہری ڈی پورٹ ہو کر پنجاب کی جیلوں میں منتقل کیے گئے۔ لاہور کی کیمپ جیل میں تقریبا 4000ہزار سے زائد شہریوںکا اندراج ہوا۔ انسانی سمگلنگ روکنے والے اداروں کی کارکردگی مشکوک نظر آنے لگی۔ ذرائع کے مطابق ترکی میں غیرقانونی طور پرمقیم پاکستانی افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد ڈی پورٹ کئے جا رہے ہیں۔ جن سے ایف آئی اے تفشیش کرنے کے بعد پنجاب کی متعلقہ جیلو ں میں منتقل کر رہی ہیں جس سے جیلوں میں موجود قیدیوں کی گنجائش متاثر ہو رہی ہے کیونکہ پنجاب کی جیلوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔ جنہیں قانون کے مطابق عدالت میں پچیس ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے تک رہائی نہیں ملتی، جس میںمتعدد یوم بھی لگ سکتے ہیں اور ضمانت ہونے تک جیل انتظامیہ کو اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں، ا س حوالے سے قانونی ماہرین کاکہنا ہے کہ اگر حکومت چاہے تو بہتر پالیسی اپناتے ہوئے ڈی پورٹ افراد کو ائیر پورٹ پر ہی جرمانہ وصول کر کے دیگرمتعلقہ اداروںکو سہولت فراہم کر سکتی ہے۔