• news

پرویز اشرف اور جمشید اقبال چیمہ کی پاکستان سویٹ ہوم امدادی کیمپ آمد


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق معاون خصوصی وزیراعظم برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ اور ان کی اہلیہ نے پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے باہر لگائے گئے سیلاب زدگان امدادی کیمپ کا خصوصی دورہ کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سیلاب زدگان کے امدادی کیمپ میں کئی روز سے بیٹھے پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے جذبہ کو بھرپور سراہا اور سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) کی سماجی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آکر بے حد خوشی ہوئی اور میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں پاکستان سویٹ ہوم کے ان فرشتوں اور پریوں اور ان کے پاپا جانی زمرد خان صاحب کو جو اس مشکل گھڑی میں سیلاب زدگان کا سہارا بنے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ زمرد خان ایک عظیم انسان ہیں جب بھی کوئی تکلیف میں ہوتا ہے زمرد خان اس کے لیے مسیحا بنے۔ سابق معاون خصوصی وزیر اعظم برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں بھی جب پوری قوم پر برا وقت ہے اور سیلاب نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے۔ ایسے میں زمرد اور ان کی ٹیم ہی سیلاب متاثرین کے لیے سب سے پہلی آواز بنے۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جہاں کہیں بھی ہیں امدادی کیمپ میں بڑھ چڑھ کر عطیات دیں۔ پاکستانی قوم نے ہر مشکل وقت میں ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی اس قوم پر برا وقت آیا پوری قوم نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ ان مشکل حالات میں بھی پوری قوم اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انشاءاللہ! وہ وقت دور نہیں جب ہماری قوم ان حالات کو بھی شکست دے گی۔
کیمپ کا دورہ

ای پیپر-دی نیشن