لاہور‘ کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے آتشزدگی‘ مزدور زندہ جل گیا‘ 3 زخمی
لاہور (نامہ نگار) سگیاں پل کے قریب کیمیکل بنانے والی فیکٹری میں بوائلر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور فیکٹری کی چھت اور دیوار زمین بوس ہو گئی۔ آگ کی زد میں آکر جھلسنے اور ملبے تلے دبنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سگیاں کے علاقہ نین سکھ میں حضرت علی روڈ کیمیکل بنانے والی فیکٹری کی چھت اور دیوار بھی زمین بوس ہو گئی۔ آتشزدگی کے باعث 50 سالہ یوسف اللہ دتہ جھلسنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دیوارکے ملبے تلے دب کر تین مزدور حاکم یوسف، غفار اور اللہ رکھا زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے تینوں زخمیوں کو میاں منشی ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے متوفی یوسف کی نعش مردہ خانہ منتقل کرا دی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پایا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق فیکٹری کی جگہ کیمیکل بنانے کیلئے موزوں نہیں تھی جبکہ بوائلر بھی اپنی مدت پوری کر چکا تھا۔ ضلعی انتظامیہ نے فیکٹری مالک مسٹر ہینگ سے رابطہ جبکہ متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔