حکومت کو سیکرٹریٹ کیلئے ریسرچ سنٹر کی زمین ہی کیوں چاہئے: سپریم کورٹ
اسلا م آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں بہاولپور ایگریکلچر ریسرچ سینٹر کی اراضی پر پنجاب حکومت کا سیکریٹریٹ بنانے کے فیصلے پر رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا عوام کے مسائل کے حل کیلئے سیکرٹریٹ بنایا جا رہا ہے جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا ایگریکلچرل ریسرچ کیلئے زمین ہوگی تو ہی ریسرچ ہوگی۔ ہماری معیشت اور سوسائٹی زراعت کی بنیاد پر ہی چلتی ہے۔ چولستان میں ریسرچ سینٹر بنائیں گے تو کیسے چلے گا۔ 70 ایکٹر اراضی سے آدھی اراضی چلی گئی تو کیا بچے گا، اس پر قومی اسمبلی اعتراض کررہی ہے پھر کیوں نہیں یہی زمین چاہیے۔ حکومتی سیکرٹریٹ تو کہیں بھی بن سکتا ہے۔ پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی گئی۔