کرغزستان کے سفیرکی وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے ملاقات
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ سے پاکستان میں جمہوریہ کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارتی صلاحیت پر تبادلہ خیال ہوا۔ سفیر نے کہا کہ کرغزستان کی تاجر برادری پاکستان سے زرعی مصنوعات خصوصا آم اور کینو درآمد کرنے کی خواہشمند ہے۔ جب کہ وہ اپنی زرعی مصنوعات برآمد کرکے پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرانے کے منتظر ہیں۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ دونوں اطراف کے حکام مطلوبہ تجارت میں سہولت پر بات چیت کر سکتے ہیں اور پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت کے لیے مطلوبہ فریم ورک تیار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ زراعت اور لائیو سٹاک میں کرغزستان کے ساتھ تجارتی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔