کرونا مزید 5جابحق 118نئے مریض 82کی حالت تشویشناک
اسلام آباد؍ملتان/ بیجنگ (خبر نگار+خصوصی رپورٹر+ شنہوا) این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا کے 5 مریض جاں بحق ہوئے۔ کرونا کے16 ہزار 973 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 118 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ شرح 0.70 فیصد رہی۔ جبکہ 82 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ لاہور میں 804 ٹیسٹ کیے گئے اور19 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسز کی شرح 2.36 فیصد رہی، گلگت میں 122 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسسز کی شرح 1.64 فیصد رہی جبکہ پشاور میں 633 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے اور 9افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور مثبت کیسز کی شرح 1.42 فیصد رہی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق دنیا بھرمیں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 60 کروڑ 96 لاکھ 58 ہزار 795 ہوگئی۔ امریکہ 9 کروڑ53 لاکھ 87 ہزار 377 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت 4 کروڑ45 لاکھ 10 ہزار 57 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور فرانس 3 کروڑ 49 لاکھ 85 ہزار 401 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ملتان سے خصوصی رپورٹر کے مطابق نشتر ہسپتال میں کرونا کے شبہ میں زیر علاج دو مریض دم توڑ گئے،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران نشتر ہسپتال میں کرونا کے شبہ میں مزید3مریض داخل ہوئے،جن میں سے ایک مریض میں کرونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ دو کی رپورٹ ابھی آنا ہے۔