• news

 سیلاب متاثرین کی امداد و اعانت جاری ہے:یونس آزاد

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )مرکزی جمعیت اہلحدیث گوجرانوالہ سٹی کی طرف سے سیلاب متاثرین کی امداد و اعانت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، اب تک سندھ کے ضلع سکھر، ضلع خیر پور اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان اور تونسہ کے سیلاب متاثرین کیلئے 50لاکھ روپے سے زائد کا امدادی سامان جس میں راشن، کپڑے، بستر، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں بھجوایا جا چکا ہے۔ جبکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے قائم ریلیف کمیٹی کو نقد 25لاکھ روپے کی رقم پیش کی جا چکی ہے، اس سلسلے میں تیسری خصوصی تقریب جمعیت کی سالانہ تحفظ ختم نبوت اہلحدیث کانفرنس کے موقع پر منعقد ہوئی جس میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی ناظم اعلیٰ مولانا حافظ محمد یونس آزادکی خدمت میں17لاکھ روپے کی نقد رقم پیش کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ یونس آزاد نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد قومی و ملی فریضہ ہے ، ان پرکوئی احسان نہیں،تباہ حال معیشت اور غیرمستحکم سیاسی صورتحال میں سیلاب اللہ کی طرف سے آزمائش ہے،قوم کو توبہ و استغفار سے اللہ کو راضی کرنا چاہئے۔اس موقع پر مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے امیر علامہ پروفیسر محمد سعید کلیروی، ناظم اعلیٰ مولانا محمد ابرار ظہیر، سرپرست علامہ محمد صادق عتیق، صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف، عبد الرحمان بٹ، حاجی محمد ایوب، حافظ عبد الشکور شیخوپوری، میاں مجیب الرحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن