اوپن ما رکیٹ ، ڈالر 2سونا 150روپے تولہ مہنگا : سٹاک مارکیٹ میں مندا
کراچی (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ واضح رہے کہ یہ مسلسل 10واں سیشن ہے جب روپیہ گرا ہے۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق گزشتہ 9 سیشنز کے دوران روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں 15.72 روپے یا 6.91 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کو انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر1.56روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر2روپے مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بنک میں ڈالر کی قیمت فروخت 234.32روپے سے بڑھ کر 235.88روپے ہو گئی، اسی طرح2روپے کے اضافے سے مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت فروخت 239روپے سے بڑھ کر 241روپے ہو گئی۔ ماہر معیشت کہتے ہیں کہ روپے پر بہت زیادہ دباؤ ہے کیونکہ دوست ممالک جنہوں نے پیسے دینے کا وعدہ کیا تھا، انہوں نے ایسا نہیں کیا جس کی وجہ سے رجحان بدل گئے ہیں۔ ادھر عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت18 ڈالرز کمی سے 1686ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت150روپے اضافہ سے 1لاکھ 55ہزار 850روپے اور دس گرام سونے کی قیمت128روپے اضافہ سے1لاکھ 33ہزار 616روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 1570روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مندے کے بادل چھائے رہے۔ مندی کی وجہ سے شیئرز مارکیٹ ایک بار پھر 42 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گر گئی جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 46 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے، جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 69 کھرب روپے سے گھٹ کر 68کھرب روپے رہ گیا۔ مندی کے سبب 60.41 فیصد حصص کی قیمتیں بھی کم ہو گئیں۔