• news

عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کی پا مالی بند کرائے ، افغانستان سر حد سے حملے روکے: پاکستان 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نیٹ نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کے بعد  زیر تسلط کشمیر میں اب تک 670 افراد کو ماورائے عدالت قتل کیا ہے جن میں سے 150 کو اس سال یکم جنوری سے اب تک شہید ہوئے۔ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان کو بدترین سیلاب کا سامنا ہے، ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی ریسکیو اور بحالی کا عمل جاری ہے۔  ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارتی قابض افواج نے شوپیاں اور اسلام آباد کے اضلاع میں مزید تین نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔  بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ  زیر تسلط کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو بند کرائے اور خطہ میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے 2 روزہ دورہ پر تاشقند میں ہیں۔ وزیراعظم ازبکستان میں قیام کے دوران ایس سی او کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان ماحولیاتی آلودگی نہ پھیلانے کے باوجود موسمیاتی تغیر سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔ ملک کے کئی علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان کو دوست ملکوں کی طرف سے بڑی تعداد میں امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ملکہ الزبتھ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ برطانیہ کے شاہ چارلس سوئم کو شاہی منصب سنبھالنے پر حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے ان  کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاک افغان سرحد پار حملے  میں تین جوانوں کی شہادت کے معاملے کو افغانستان کے ساتھ اٹھایا ہے ہم نے واضح کیا افغان انتظامیہ ایسے واقعات کا سدباب کرے، افغان انتظامیہ مستقبل میں ایسے واقعات کے دوبارہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن