• news

روسی ، چینی ، ایرانی صدر کی ملا قا تیں ، شنگھا ئی تعاون تنظیم کو مضبوط کرنا ہو گا : پیو ٹن 


سمرقند، نور سلطان (نوائے وقت رپورٹ+ شہنوا) چینی صدر کی شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی سائیڈ لائن پر روسی صدر سے ملاقات ہوئی۔ روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ ہماری ملاقات روسی چین شراکت داری کو مزید گہرا کرے گی۔ تائیوان سے متعلق امریکی اشتعال انگیزیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ یوکرائن کے معاملے میں چین کی متوازن پوزیشن کی قدر کرتے ہیں۔ ہم چین کی ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتے ہیں۔ ہمیں شنگھائی تعاون تنظیم کو مضبوط کرنا ہو گا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیس کی روسی صدر پیوٹن سے سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے شکار ممالک کا تعاون انہیں آپس میں مضبوط کرے گا۔ روسی صدر نے کہا کہ 80 بڑی روسی کمپنیوں کا وفد اگلے ہفتے ایران کا دورہ کرے گا۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور تاجکستان کو ایک دوسرے کی ٹھوس حمایت جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات میں مزید ٹھوس نتائج اور بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کی صبح یہاں اپنے تاجک ہم منصب امام علی رحمان سے ملاقات کے دوران صدر شی نے کہا کہ  30 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ قومی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں چین تاجکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ  قازقستان کے سرکاری دورے پر نورسلطان پہنچے۔ قازق صدر قاسم جومارت توکایوف نے ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔ فوجی بینڈ کی دھنوں کے ساتھ 70ارکان پر مشتمل گارڈ نے قائدین کوسلامی پیش کی۔ خوبصورت لباس پہنے قازق بچیوں نے صدر شی کو پھول پیش کیے۔ صدر شی نے اپنے رسمی خطاب میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے قازق حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر شی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ پہاڑوں اور دریاں سے جڑے ہوئے دونوں ممالک  اچھے پڑوسی، اچھے دوست اور ہم نصیب مستقبل کے اچھے شراکت دار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن