ضلعی عدلیہ میں بھی کیس و ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور موبائل ایپ آن لائن
لاہور (سپیشل رپورٹر) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کی ہدایت پر ضلعی عدلیہ میں کیس مینجمنٹ سسٹم، موبائل ایپ اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم آن لان کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس شجاعت علی خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی گئی ہے۔ ضلعی عدلیہ میں زیر التواء تمام مقدمات کا ریکارڈ بھی آن لائن کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کا دائرہ کار ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ پائلٹ پراجیکٹ لاہور کی کامیابی کے بعد صوبہ بھر کے ڈویژنل ہیڈ کوآرٹرز پر ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم کو شروع کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا ہے کہ کیس مینجمنٹ سسٹم موبائل ایپ اور ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم ضلعی عدلیہ میں انقلاب کی حیثیت رکھتے ہیں،کیس مینجمنٹ سسٹم اور ریکارڈ مینجمنٹ کی بدولت جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ کیس مینجمنٹ سسٹم، ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم اور CMS موبائل ایپ ڈسٹرکٹ جوڈیشری پنجاب نے اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کوئی پیسہ خرچ کئے بنائے ہیں، کیس مینجمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب کی ضلعی عدلیہ کے تمام 13 لاکھ سے زائد مقدمات کا ریکارڈ آن لائن کر دیا گیا ہے۔