بجلی کی عدم فراہمی کیس‘ ڈی سی لیہ ہائیکورٹ پیش 22 ستمبر کو وفاقی حکومت سے جواب طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر) بجلی کی عدم فراہمی کیس میں ڈی سی لیہ عدالت میں پیش ہو گئے۔ جسٹس شان گل نے درخواست پر سماعت کی ۔ جسٹس شان گل نے ڈی سی لیہ امتیاز کھچی سے پوچھا کہ ڈی سی صاحب بجلی کی فراہمی کے معاملے میں کیا پراگریس ہے؟ ڈی سی لیہ نے بتایا کہ میپکو نے گائوں کیلئے سکیم کی منظوری دیدی ہے۔ فنڈز کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کو لیٹر لکھا ہے۔ سٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں فنڈز کی منظوری ہونا ہے‘ لیکن ابھی تک یہ میٹنگ نہیں ہوئی۔ عدالت نے 22 ستمبر تک وفاقی حکومت سے سٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ سے متعلق جواب طلب کر لیا۔