بل گیٹس فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کیلئے 7.5 ملین ڈالر امدادی رقم فراہم
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے تقریباً 7.5 ملین ڈالر کی انسانی امداد کا اعلان کیا ہے۔فاؤنڈیشن نے حکومت پاکستان کی امدادی سرگرمیوں کو معاونت فراہم کرنے اپنی موجودہ گرانٹس کے مصارف کو ازسر نو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر کرسٹوفر الیس سفیر پاکستان مسعود خان کو لکھے گئے خط میں ان اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن پولیو پروگرام کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جانے والے 1200 ہیلتھ کیمپوں کی بھی مدد کرے گی۔انہوں نے مزید بتایا فاؤنڈیشن تین زچگی ہسپتالوں کے لیے مزید امداد بھی فراہم کرے گی تاکہ ایسے ہسپتالوں کہ جن میں بے گھر ہونے والی خواتین کی دیکھ بھال کا بوجھ زیادہ ہے وہاں زچگی سے متعلقہ سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔ پا کستانی سفیر کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا فاؤنڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک کی سبسڈی اور کیش ٹرانسفر کی مد میں چار ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔ پا کستانی سفیر مسعود خان نے مشکل اور ضرورت کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کرنے پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔