صہیونی فوجیوں کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، 2 زخمی
رم اللہ (شِنہوا) مغربی کنارے کے شمالی شہر جینن کے نزدیک اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم کے دوران ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق ہو گیا ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے جمعرات کے روز ایک اخباری بیان میں بتایا کہ17 سالہ عودی صلاح کو اسرائیلی فوجیوں نے کفردان گاؤں میں جھڑپوں کے دوران سر میں گولی ماری، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکا، جبکہ کہ2 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ گاؤں میں شدید جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز فائرنگ کے تبادلے میں مرنے والے2 فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بولا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوا تھا۔ مزید بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے دونوں افراد کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی اور گاؤں سے نکلنے سے قبل2 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے2 فلسطینی حملہ آوروں کے گھروں پر دھاوا بولا جنہوں نے گزشتہ روز ایک اسرائیلی اہلکار کو ہلاک کر دیا تھا۔