قصور: گلی میں مٹی ڈالنے پر جھگڑا فائرنگ 3بھائی قتل
قصور+کھڈیاں خاص+ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران) نواحی گاؤں گاڑے والا میں گلی میں مٹی کی بھرتی پر فریقین میں تنازعہ ہوا، جس پر جاوید اور جمیل، سلیم، محمود وغیرہ میں تکرار بڑھ گئی اور جاوید نامی ملزم نے تینوں سگے بھائیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں جمیل موقع پر ہی جان بحق ہو گیا۔ سلیم اور محمود کو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ملزم جاوید موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ جاں بحق بھائیوں کی بہنیں غم سے بیہوش پورا گاؤں اشکبار ہو گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او قصور کو ملزمان کی گرفتاری کے لئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔ ڈی پی او قصور صہیب اشرف نے بتایا کہ گاڑے والا میں گلی میں ریمپ بنانے کے معمولی تنازعہ پر ہمسائے جاوید وغیرہ نے فائرنگ کی۔