حکومت معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتار دیا ، عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو تباہی سے بچانے میں ناکام رہی۔ عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کی رپورٹس سے ظاہر ہے کہ بلندی کی جانب گامزن ایک مستحکم معیشت ملنے کے باوجود یہ امپورٹڈ حکومت معیشت کو تباہی کے گڑھے میں گِرنے سے بچانے میں ناکام رہی۔ آج پاکستان کو بدترین مہنگائی، سماج کا ہر طبقہ جس کی زد میں ہے، بیروزگاری، غذائی عدمِ تحفظ اور روپے کی قدر میں پیہم گراوٹ کا سامنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار مکمل طور پر بے سمت بھٹک رہی ہے۔ مجرموں کے اس گروہ کا واحد کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے این آر او حاصل کر لیا ہے۔ ایک سوال جو پوری قوم کی زبان پر ہے وہ یہ کہ پاکستان کے چوری کئے گئے اربوں روپے پر ایک اور کیخلاف اس مکروہ سازش کا ذمہ دار کون ہے؟۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کی حکمران جماعت کی جانب سے ریاستی وسائل کے ذریعے چئیرمین تحریک انصاف کے خلاف مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے خواجہ قطب فرید کوریجہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی رحیم یار خان چودھری جہانزیب نے سینیٹر عون عباس بپی صدر جنوبی پنجاب کی موجودگی میں عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے وہاڑی نسیم مہدی شاہ اور ان کے بیٹے سلمان مہدی شاہ نے بھی سینیٹر عون عباس بپی کی موجودگی میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ دوسری طرف چارسدہ سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری اور سابق رکن صوبائی اسمبلی بابر علی خان مہمند نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق رکنِ قومی اسمبلی فضل خان بھی موجود تھے۔ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر رانا شمشاد کے بیٹے رانا ابراہیم اور بھتیجے رانا علی وکیل نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے خیبر پی کے سے پارٹی کے قومی و صوبائی ممبران اسمبلی‘ ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹری نے ملاقات کی۔ دوسری طرف سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ امپورٹڈ سرکار نے معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتار دیا۔ امپورٹڈ حکومت معیشت کو تباہی کے گڑھے میں گرنے سے بچانے میں ناکام رہی۔ آج پاکستان کو بدترین مہنگائی کا سامنا ہے۔ امپورٹڈ سرکار مکمل طور پر بے سمت بھٹک رہی ہے۔ مجرموں کے گروہ نے ایک اور این آر او حاصل کر لیا ہے۔