شہباز شریف عملیت پسند شخصیت ، چینی صدر : پاکستان ، ترکیہ ، روسی گیس منصوبے پر کام کیلئے متفق
اسلام آباد‘ سمرقند (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران انہیں عملیت پسندی اور کارکردگی کا حامل شخص قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان 22 ویں سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اہم امور اور بین الاقوایم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کے صدر سے وزیراعظم شہباز شریف کی پہلی ملاقات ہے۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے اپنے ذاتی عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فراخدلانہ اور بروقت مدد پر شکریہ ادا کیا اور 5 ستمبر کو چینی صوبہ سیچوان میں زلزلے سے جانی نقصان اور تباہی پر دکھ کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی پر سی پیک کے اثرات کو سراہا اور سی پیک کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایم ایل ون ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کے پروٹوکول پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)، قومی ترقی، کووڈ 19 وبائی امراض اور دیگر شعبوں میں تعاون پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مستقبل کے لیے پاک چین کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جبکہ صدر شی نے دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی۔ چینی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم چین پاکستان دوستی کے لیے دیرینہ عزم رکھنے والے رہنما ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ تنظیم علاقائی تعاون اور یکجہتی کے ٹھوس عملی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے بہترین فورم ہے، ہماری ’آل ویدر سٹرٹیجک’ کوآپریٹو پارٹنرشپ اور آہنی بھائی چارے نے وقت کی کسوٹی کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی صوبہ سیچوان میں زلزلے کے بعد ہونے والی ہلاکتوں کے بعد ہماری حکومت اور عوام چین کے ساتھ کھڑی ہے، تائیوان، تبت، سنکیانگ اور ہانگ کانگ سمیت بنیادی مفاد کے تمام مسائل پر چین کے ساتھ مستقل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض اور بڑھتی عدم مساوات جیسے چیلنجز سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق نمٹا جا سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے تنازع پر چین کے اصولی موقف پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اسلام آباد+ سمر قند (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی جس میں روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان کے درمیان اتفاق کیا گیا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے وزیراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ روس‘ قزاقستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کیلئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔ اس سلسلے میں دوطرفہ تجارت کے فروغ‘ گیس کی فراہمی سمیت لارج سکیل منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔ ترک صدر نے کہا کہ ہم جنوب مشرقی ایشیا اور مجموعی طورپر ایشیا میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان نہایت مثبت انداز میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔ واضح رہے کہ دونوں رہنمائوں کے مابین ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے ریاستی سربراہی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف سے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی شعبہ میں تعلقات‘ دوطرفہ تجارت کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور آذربائیجان نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی‘ اقتصادی‘ توانائی‘ دفاع‘ تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا ہے۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے پاکستان کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کیساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے دل کھول کر مالی امداد کی فراہمی پر آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے نگورنوکاراباخ پر پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کی اصولی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس کے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانے میں تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ صدر الہام علیوف نے وزیراعظم کو جلد آذربائیجان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شبازشریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت تواییف سے سمرقند میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔